مولا بخش چانڈیو کا مسلم لیگ (ن) پر عدم اعتمادحکومتی اتحاد پر تحفظات کا اظہار
حیدرآباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے 10 محرم سے کم نہیں، 27 دسمبر اور 4 اپریل کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے بھٹو خاندان کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے پہلے اور آخری سفر میں ان کے ساتھ تھے، اور محترمہ کی یادیں ہمیشہ ان کے دل میں رہیں گی۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو قائد بننے کے بعد ان کی ماں بن گئیں تھیں اور ان کی رہنمائی ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جلسوں سے لیڈروں کی جان نکلتی ہے، لیکن وہ خود کہتے ہیں کہ حالات ٹھیک نہیں، تو پھر جلسوں میں کیوں جائیں؟حکومتی اتحاد پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ انہیں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد نہیں ہے اور ان کے اتحاد پر ایمان نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر اتحاد کیا، لیکن گزشتہ سیلاب میں ان اتحادیوں نے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ چانڈیو نے یہ بھی یاد دلایا کہ گزشتہ حکومت میں بھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما اتحادی تھے، لیکن ان کے وعدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا۔