وفاقی وزیر خزانہ کا بڑا بیان، پاسکو کو سب سے کرپٹ ادارہ قرار دے دیا
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایگریکلچر سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) سب سے کرپٹ ادارہ ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق اسے بند کر دینا چاہیے۔ کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے خسارے والے اداروں کو بند کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کی بات کی اور کہا کہ ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ نہیں بڑھایا جائے گا۔اورنگزیب نے معاشی استحکام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی، افراطِ زر میں پانچ فیصد تک کی کمی اور فارن ایکسچینج ریزرو میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہو چکا ہے اور معیشت کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز لی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مزید بہتری کی جانب لے جانے کے لیے 2025 میں اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ٹیکسز کی وصولی کے ذریعے ہی ملک چلتا ہے، نہ کہ خیرات سے، اور اس بات پر زور دیا کہ معاشی استحکام کے لیے تمام سیاسی و اقتصادی قوتوں کا ایک پیج پر آنا ضروری ہے۔