پاکستان

پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں220 فیصد اضافہ، ایس ایس ڈی او کی رپورٹ

پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) نے 2019 سے 2023 تک کے دوران پاکستان کے چار صوبوں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر مبنی پانچ سالہ رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پانچ سال کے عرصے میں بچوں سے جنسی زیادتی کے 5398 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ 62 فیصد واقعات صوبہ پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جن کی تعداد 3323 ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 1360، سندھ میں 458 اور بلوچستان میں 257 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس عرصے میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں 220 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں سب سے زیادہ 1176 واقعات رپورٹ ہوئے۔ایس ایس ڈی او نے بچوں کے تحفظ کے لیے اہم سفارشات پیش کی ہیں، جن میں موجودہ قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنانا، خصوصی تربیت فراہم کرنا، زینب الرٹ ایکٹ کے تحت فاسٹ ٹریک عدالتوں کا مؤثر استعمال، اور آگاہی مہمات کو فروغ دینا شامل ہیں۔ رپورٹ میں بچوں کے لیے دوستانہ ماحول اور ذہنی مشاورت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ معصوم زندگیاں ہیں جو شدید صدمے سے دوچار ہوئی ہیں۔ انہوں نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوشش کریں تاکہ پاکستان میں بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com