لیہ: ڈی پی او محمد علی وسیم کا تھانہ کوٹ سلطان پیر جگی کا دورہ، پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا
لیہ(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد علی وسیم نے اپنے زیرِ انتظام پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ ڈی ایس پی صدر کے ہمراہ تھانہ کوٹ سلطان اور تھانہ پیر جگی پہنچے، جہاں انہوں نے تھانہ فرنٹ ڈیسک، حوالات، مال خانہ سمیت دیگر اہم شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی پی او نے زیرِ تفتیش مقدمات کی پیشرفت اور پینڈنگ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا، تاکہ انصاف کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے تھانہ میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران ڈی پی او محمد علی وسیم نے پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے رات کے اوقات میں گشت کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنانے کی ہدایت کی، تاکہ چوری کی وارداتوں کی روک تھام کی جا سکے۔