حکومت کو 31 جنوری کی ڈیڈ لائن دی، مذاکرات کے ساتھ ترسیلاتِ زر بائیکاٹ مہم بھی جاری ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو 31 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دی ہے اور مذاکرات کے ساتھ ساتھ ترسیلاتِ زر کے بائیکاٹ کی مہم بھی جاری ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سب کو نیا سال مبارک ! 2025 حقیقی آزادی کا سال ہے، اس جعلی اور فسطائی نظام کو شکست ہو گی۔بیان کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آمرانہ دور میں شخصی آزادیوں کے خاتمے، بنیادی قانونی حقوق کی پامالیوں اور اداروں کی تباہی نے ملک کے ناصرف سماجی و سیاسی نظام بلکہ قانونی و معاشی نظام کو بھی درہم برہم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس بھونڈے انداز میں خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا سنائی گئی، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں رول آف لا کا خاتمہ ہو چکا ہے اور غیر اعلانیہ بدترین آمریت کا راج ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مشرف دور میں بھی ہم فوج کی مداخلت پر تنقید کرتے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں اس قسم کی جبر و فسطائیت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا تحریک سے پہلے بھی ہم فوج کی سیاسی مداخلت کے خلاف بھرپور تنقید کرتے تھے لیکن تب کوئی ایجنسی اپنے شہریوں کو اس طرح سے نہیں اُٹھاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت بنا کر پورے عدالتی نظام کو تباہ کیا گیا اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی باقیات کو عدالتی نظام کا قبضہ دے دیا گیا تاکہ سابق چیف جسٹس کی روایت برقرار رکھتے ہوئے عدالتی فیصلے اسٹیبلشمنٹ کے زیر اثر کروائے جا سکیں۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف پچھلے سال بھی 4 غیر قانونی فیصلے دئیے گئے تھے، سوموار کو القادر کیس کا فیصلہ بھی ویسا ہی توقع کر رہا ہوں، ایسے ہی لا قانونیت پر مبنی فیصلے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔