پارا چنار میں امن معاہدے کے باوجود سڑکیں نہ کھل سکیں مظاہرین کا دھرنا جاری
تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین نے کہا ہے کہ سڑکیں کھلنے، ٹریفک کی روانی معمول پر آنے اور لوگوں کی سلامتی یقینی بنائے جانے تک پارہ چنار پریس کلب کے باہر دھرنا جاری رہے گا۔
دریں اثنا، ضلع کرم میں دونوں طرف سے سے تعلق رکھنے والے افراد نے امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو جانے والی سڑکیں جلد کھل جائیں گی اور علاقے میں معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے کہا ہے کہ پارا چنار شہر، بشارا اور 100 سے زائد دیہات کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی جلد شروع ہوجائے گی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک رفاہی تنظیم کے ذریعے پارہ چنار کو ادویات کی فراہمی پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں کو بھی ادویہ فراہم کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی جلد از جلد بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔