2025 میں عمران خان جیل سے رہا ہوجائیں گے لیکن سیاست میں کردار ختم ہوجائے گا، سعید غنی کا دعویٰ
سعید غنی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھ میں ہے، تاہم انہوں نے ثابت کیا ہے کہ یہ اپنا بیڑہ خود غرق کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے سیاسی و معاشی عدم استحکام پر سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی عدم استحکام کم ہوچکا ہے، یہ نئے سال میں مکمل ختم ہوجائے گا، پاکستان کے لیے معاشی طور پر نیا سال بہتر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال سے ہمیں اچھی توقعات وابستہ کرنی چاہئیں، امید ہے نیا سال مجموعی طور پر پاکستان کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران 5 اگست 2023 سے جیل میں قید ہیں، انہیں توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اس کے بعد انہیں مزید مقدمات میں گرفتار کرکے مختلف عدالتوں میں ٹرائل کے لیے پیش کیا گیا، بعض مقدمات میں عمران خان بری ہوچکے، متعدد کیسز میں ان کی ضمانتیں ہوچکی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے 24 نومبر 2024 کو پشاور سے اسلام آباد تک احتجاجی مارچ بھی نکالا گیا، اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جس کے بعد مزید مقدمات درج کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی نے گزشتہ 16 ماہ کے دوران متعدد بار احتجاج کیا، تاہم عمران خان اب تک جیل میں بند ہیں۔
گزشتہ ماہ سے حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا جو عمل شروع کیا گیا تھا، اس کے دو سیشنز ہوچکے ہیں۔