لکی مروت سے 2 فوجی اغوا، بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا
تھلوچی نیوز :سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک فوجی اپنے اغوا کاروں سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، جب کہ دوسرے کو اغوا کاروں کی جانب سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے کرک اور میانوالی اضلاع کی سرحد سے متصل دادی والا تھانے کی حدود میں واقع وانڈا گلپہ کے علاقے کے قریب ایک دیہی سڑک بند کر دی تھی، اور گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے، شاہ سلیم نامی علاقے اور ضلع کرک کے دیگر حصوں کے رہائشی میانوالی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں جانے کے لیے لکی مروت کی دیہی سڑکیں استعمال کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی مسافر کوچ میں کرک سے میانوالی جارہے تھے، دہشت گردوں نے انہیں گاڑی سے اتارا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر رہے تھے، جب ایک فوجی ان کے چنگل سے فرار ہو گیا۔
دوسری جانب بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ (ڈی ایس بی) کے کانسٹیبل کامران خان، مامش خیل کے علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے انہیں گولی مار کر شہید کر دیا۔
فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی، جمعہ کی شام تک یہ رپورٹ درج ہونے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی تھی۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی و قانونی کارروائی کے بعد شہید کے جس خاکی کو پولیس لائنز لے جایا گیا، جہاں پولیس کی نفری نے شہید ساتھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہید اہلکار کی نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر عمران شاہد، ڈپٹی کمشنر عبدالحمید خان، ڈی پی او ضیا الدین احمد اور لواحقین نے شرکت کی، پولیس اور انتظامیہ کے حکام نے ان کے تابوت پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کہا کہ ان کی عظیم قربانی سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔
آر پی او شاہد نے شہید اہلکار کی بہادری اور فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کی جانب سے دی جانے والی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، کیوں کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پولیس فورس کے مضبوط عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی ہیں۔
انہوں نے شہید کے لواحقین کو یقین دلایا کہ مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔