14 ارب ڈالر، 20 لاکھ نوجوان پاکستان سے باہر جاچکےعمر ایوب کا دعویٰ
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت کو مذاکرات کےلیے سنجیدگی واضح کرنا ہوگی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک سے 14 ارب ڈالر، 20 لاکھ نوجوان پاکستان سے باہر جاچکے ہیں۔اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور سلمان اکرم راجا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آزادانہ ماحول میں ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ماننے سے ہی حکومت کی مذاکرات میں سنجیدگی واضح ہوگی، ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا ضروری ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے دوسرے سیشن میں اتفاق ہوا کہ ملاقات کروائی جائے گی، حکومت کی سنجیدگی تب پتا چلے گی جب بغیر بندش ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسی کے آلات کے ہوتے ہوئے کھل کر بات نہیں کی جا سکتی، ہمیں اڈیالہ میں آزادانہ ماحول میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔