دھوری اڈہ کی مستحق خواتین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سنٹر بحال کرنے کا مطالبہ
لیہ (نمائندہ تھلوچی) دھوری اڈہ، جو ضلع لیہ کے پسماندہ علاقے یونین کونسل مرہان میں واقع ہے، کی عوام نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریٹیلر سنٹر کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔صدر انجمن تاجران دھوری اڈہ، حاجی محمد عارف، اور دیگر تاجران و لواحقین نے ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار صاحبہ سے اپیل کی ہے کہ دھوری اڈہ کے ریٹیلر سنٹر کو دوبارہ فعال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ دھوری اڈہ اور آس پاس کے پچاس سے زائد چکوک کی مستحق خواتین، جو پہلے اپنی مالی امداد دھوری اڈہ سے وصول کرتی تھیں، اب انہیں چوک اعظم جانا پڑتا ہے، جو نہ صرف مالی نقصان کا سبب بنتا ہے بلکہ ان کے لیے مشکلات کا باعث بھی ہے۔متاثرین کے مطابق، روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں روپے خرچ کر کے چوک اعظم جانا، طویل قطاروں میں کھڑے رہنا اور ٹوکن کے حصول کے لیے دھکے کھانا ان کے لیے اذیت ناک ہے۔ کئی دنوں کی مشقت کے بعد بھی امدادی رقم حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے، اور کئی خواتین جو بیمار یا مجبور ہیں، ان کے لیے یہ عمل مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔حاجی محمد عارف اور دیگر نے درخواست کی کہ ضلع بھر کی ہر یونین کونسل میں ریٹیلر سنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ خواتین کو ان کے گھر کے قریب امداد فراہم کی جا سکے اور انہیں ذلت و مشقت سے بچایا جا سکے۔عوام نے اپیل کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لیہ اس معاملے پر توجہ دیں اور مستحق خواتین کو ان کے حق تک آسان رسائی فراہم کریں