پنجاب پولیس نے 68 ہزار سے زائد چوری شدہ موبائل فونز مالکان تک کیسے پہنچائے؟
پنجاب پولیس نے 2019 میں ’ای گیجٹ مانیٹرنگ‘ ایپ متعارف کر کے چوری شدہ موبائل فونز کو ان کے اصل مالکان تک پہنچانے کا انقلابی قدم اٹھایا۔ اب تک اس ایپ کے ذریعے 68 ہزار 570 چوری شدہ موبائل فونز مالکان کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔موبائل فون کی خریداری کے وقت اکثر صارفین یہ جانچ پڑتال نہیں کرتے کہ فون چوری کا تو نہیں، لیکن ای گیجٹ ایپ نے اس عمل کو بہت آسان بنا دیا ہے۔ ہر موبائل فون پر ایک مخصوص انٹرنیشنل موبائل اکوپمنٹ آئیڈنٹٹی (IMEI) نمبر ہوتا ہے، جس کے ذریعے اس کا ریکارڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔پنجاب پولیس کے انویسٹی گیشن شعبہ نے یہ ایپ پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی تھی اور اس کا افتتاح 2019 میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید نے کیا تھا۔ رواں سال ایس ایس پی انویسٹی لاہور محمد نوید کی ہدایات پر تقریباً 3 ہزار موبائل فونز برآمد کر کے مالکان کے حوالے کیے گئے، جن کی مالیت کروڑوں روپے تھی۔ای گیجٹ ایپ کا استعمال کرتے ہوئے موبائل فونز کے مالکان کو تھانے بلا کر موبائل فونز واپس کیے جاتے ہیں۔ اس ایپ کی مدد سے اب تک 68,570 چوری شدہ موبائل فونز اصل مالکان تک پہنچا دیے گئے ہیں۔