ایلون مسک نے ایکس ٹی وی ایپ کا بِیٹا ورژن متعارف کرادیا
کیلیفورنیا: سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک نے ایکس ٹی وی ایپ کا بِیٹا ورژن متعارف کرا دیا۔
منگل کے روز ایک ایکس پوسٹ میں ایلون مسک نے ٹی وی ایپ کی تشکیل کے متعلق انجینئرنگ ٹیم کی تصدیق کا حوالہ دیتے ہوئے پوسٹ میں ٹی وی بِیٹا ایپ کے جاری ہونے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ایکس کی انجینئرنگ ٹیم نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ ایکس ٹی وی ایپ بِیٹا اب متعدد ایپ اسٹورز پر دستیاب ہے جبکہ دیگر پلیٹ فارمز پر متعارف کرائی جانے والی ہے۔
ایکس انجینئرنگ ٹیم نے پوسٹ میں بتایا کہ یہ ایپ آئندہ آنے والی ویڈیو ٹیب کے ساتھ جوڑی گئی ہے جو کہ ایکس کو ایک ویڈیو فرسٹ پلیٹ فارم میں بدلنے اور تخلیق کاروں، مشتہرین اور کمپنی کے شراکت داروں کے لیے نئے مواقع کھولنے میں بڑا قدم ہے۔
ایکس کی جانب سے کیا جانے والا یہ اقدام ایکس کو ’ایوری تھنگ ایپ‘ میں بدلنے کے خواب کی جانب سے ایک اور قدم ہے۔
یاد رہے کچھ روز قبل پلیٹ فارم کی جانب سے ویڈیو کالنگ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔