ایس سی او کانفرنس کے وفود کے سربراہوں کے نام
وزارتِ خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کرنے والے چند ممالک کے وفود کے سربراہوں کے نام جاری کر دیے۔
چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ اپنے وفد کی قیادت کریں گے جبکہ بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
ایرانی اوّل نائب صدر محمد رضا عارف ایرانی وفد کی سربراہی کریں گے جبکہ بیلا روس کے وزیرِ اعظم رومان گولوف چینکو اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کریں گے۔
قزاقستان کی وزیرِ اعظم اولژاس بیک تینوف اور کرغزستان کے چیئرمین کیبنٹ آف منسٹرز ژاپاروف اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔
تاجکستان کے وزیرِ اعظم کوہر رسول ذادہ، ازبکستان کے وزیرِ اعظم عبداللّٰہ اریپوف بھی پاکستان آنے والوں میں شامل ہیں۔
ایس سی او کے سیکریٹری جنرل جانگ منگ، ایس سی او ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ارسلان مرزائیوف پاکستان آئیں گے جبکہ ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین آف کیبنٹ منسٹرز راشد میریدوف پاکستان آئیں گے۔
اس کے علاوہ ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین بورڈ عاطف اکرام شیخ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ ایس سی او انٹر بینک یونین کے چیئرمین کونسل ماروت ییلی بائیف بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان (کل) 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا جو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جناح کنونشن سینٹر اسلام آ باد کا دورہ کیا تھا اور اجلاس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔