دنیا

یحییٰ سنوار آخر لمحات تک لڑتے رہے، ویڈیو میں حقائق سامنے آگئے

تھلوچی(مانیٹڑنگ ڈیسک )اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے حال ہی میں منتخب ہوئے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل آخری لمحات کی ویڈیو ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورس نے غزہ کی ایک عمارت کے ملبے کے ڈھیر کے بیچوں بیچ سے ڈرون کی فوٹیج جاری کی ہے۔
ڈرون فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بم باری کے سبب تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے کے ڈھیر کے درمیان ایک شخص اکیلا شدید زخمی حالت میں موجود ہے، جس کا بازو متاثر ہوا ہے۔ویڈیو میں یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ مذکورہ زخمی شخص دھول مٹی میں ایک صوفے پر بیٹھا ہوا ہے جبکہ اس کا سر اور چہرہ لپٹے ہوئے کپڑے سے چھپا ہوا ہے۔
جوں ہی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے والا ڈرون اس کے قریب آتا ہے وہ ایک لکڑی کی چھڑی اس کی جانب پھینکتا ہے، جس سے ڈرون پیچھے ہٹ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص کون ہے؟ اس حوالے سے کچھ واضح طور پر نہیں کہا جا سکتا لیکن اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ شخص حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار ہیں اور مذکورہ ویڈیو ان کی شہادت سے قبل آخری لمحات کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے کہ جنگجو کی شناخت یحییٰ سنوار کے طور پر ہوئی ہے، اس عمارت پر مزید بم داغے گئے تھے جس کے بعد وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور یحییٰ سنوار اسی عمارت کے ملبے تلے شہید ہو گئے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق شہید یحییٰ سنوار کے قبضے سے ایک بلٹ پروف جیکٹ، دستی بم اور 10 ہزار 707 ڈالرز برآمد ہوئے ہیں، شہادت سے قبل یحییٰ سنوار نے مذکورہ عمارت میں اکیلے پناہ لی تھی۔
ڈینیئل ہگاری نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے علاقے کو ڈرون کی مدد سے اسکین کیا ہے، اسکین فوٹیج میں شہادت سے قبل زخمی یحییٰ سنوار کو عمارت کے اندر جاتے اور باہر آتے دیکھ سکتے ہیں، جس کے بعد اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں یحییٰ سنوار زخمی ہو گئے لیکن انہوں نے ہار نہ مانی اور دو گرنیڈ پھینکے، جن میں سے 1 پھٹ گیا جبکہ ایک اور اسرائیلی حملے میں یحییٰ سنوار شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ڈرون فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہادت سے قبل یحییٰ سنوار نے ڈرون کو لکڑی سے گرانے کی کوشش بھی کی تھی۔
ادھر حماس کی جانب سے یحیٰی سنوار کی شہادت سے متعلق فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ غزہ پٹی کے جبالیہ کیمپ میں حملے کے ایک فلسطینی کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا، شبہ ہے کہ اسکول حملے میں ملی لاش یحییٰ سنوار کی ہے۔
اسرائیلی ذرائع کا کہنا تھا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت جنوبی غزہ میں رفح علاقہ میں بم باری میں ہوئی، اسرائیلی فوج نے بمباری میں شہید مشتبہ لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا تھا جو مثبت آیا، مکمل تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کو یورپی ملک بھیجا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ کے پناہ گزین اسکول پر فضائی حملہ کیا، اسرائیلی فوج نے جبالیہ حملے میں حماس اور اسلامی جہاد کے اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب حماس نے جبالیہ پناہ گزین اسکول کو کسی بھی جنگی مقصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com