زین قریشی نے استعفیٰ دے دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ زین قریشی نے پارٹی کی جانب سے شو کاز نوٹس ملنے پر عہدے سے استعفیٰ دیا۔ اپنے بیان میں زین قریشی نے کہا کہ میں نے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے، شفاف انکوائری اور پارٹی حامیوں کے جذبات کے احترام میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما زین قریشی نے کہا کہ اپنی پارٹی، بانی پی ٹی آئی اور اپنے والد کا وفادار تھا، ہوں اور رہوں گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے، پی ٹی آئی کی جانب سے شوکاز نوٹسز زین قریشی، ریاض فتیانہ کو جاری کیے گئے تھے۔ جس کے بعد رکن قومی اسمبلی زین قریشی کا کہنا تھا کہ کسی حکومتی اہلکار سے ملاقات ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، والد شاہ محمود قریشی کے کہنے پر روپوشی اختیار کی تھی۔ زین قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے والد نے لاہور بلایا اور کہا کہ کسی صورت آئینی ترمیم منظور نہیں ہونی چاہیے، آئینی ترمیم کی حمایت سے متعلق میرے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔