سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کا فیصلہ
ریاض(آئی پی ایس)سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وزیراعظم شہباز شریف کی ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت پر کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کی میزبانی کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا۔
وزیراعظم اورسعودی وزیرسرمایہ کاری کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ہمارا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا، اور سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
سعودی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ عبدالعزیز نے مزید کہا کہ یہ 27 مفاہمتی یادداشتیں اب بڑھ کر 34 ہو گئی ہیں، جس سے سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ اور مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی، اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گی