سرکاری حج اسکیم: تین مرتبہ مدت بڑھانے کے باوجود 7 ہزار درخواستیں کم موصول
پاکستان میں سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی مدت تین مرتبہ بڑھانے کے باوجود 7 ہزار درخواستیں کم موصول ہوئیں۔ وزارت مذہبی امور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حج درخواستوں کی تیسری مدت کے اختتام تک 82 ہزار درخواستیں موصول ہو سکیں، اور تمام درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق، وزارت نے رہ جانے والے 7 ہزار کوٹے کو پورا کرنے کے لیے سر جوڑ کر غور و فکر شروع کر دیا ہے، اور اس میں دوبارہ درخواستوں کی وصولی کھولنے یا پرائیویٹ حج آپریٹرز کو کوٹہ دینے کے آپشنز پر بھی کام ہو رہا ہے۔پاکستان کو رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا حج کوٹہ ملا ہے، جس میں سرکاری اور نجی کوٹے کا نصف برابر تقسیم ہو گا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک نے یہ بھی بتایا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کے اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں۔