ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اُن کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا، آرمی چیف
تھلوچی نیوز :چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان پر فخر کرتی ہے، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تمام شکلوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا پیچھا کیا جائے گا۔اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔