سیکیورٹی فورسزکے 685 اہلکار شہید ہوئے
2024 میں پاکستان میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے لیے ایک سنگین سال ثابت ہوا، جس میں 685 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ رواں سال 444 دہشت گرد حملوں میں مجموعی طور پر 1,612 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ اموات گزشتہ 9 سالوں کی بلند ترین سطح پر ہیں اور 2023 کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ ہیں۔ اس سال کی اوسطاً یومیہ اموات تقریباً 7 تھیں۔نومبر 2024 نے باقی مہینوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جان لیوا واقعات دیکھے۔ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں، جہاں 1,616 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ بلوچستان میں 782 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹ کے مطابق، ملک میں دہشت گرد حملوں اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2,546 اموات اور 2,267 افراد زخمی ہوئے۔ اس سال میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں 49 فیصد اضافہ ہوا، جس سے ملک کی سلامتی کے لیے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔