پاکستان

59 ہزار آپریشنز925 خوراج ہلاک

سیکیورٹی ذرائع سے جاری بیان کے مطابق خوارج اور دہشت گردوں کے لیے ریاست کی واضح پالیسی کی بدولت رواں سال آپریشنز میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 59 ہزار 775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشت گردوں بشمول خوارج کو جہنم واصل کیا گیا اور سینکڑوں کو گرفتار کیاگیا، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر 169 سے زائد آپریشنز انجام دے رہے ہیں۔رواں سال ان آپریشنز کے دوران 73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں، ان دہشت گردوں میں ژوب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے فدا الرحمٰن عرف لعل، علی رحمٰن عرف طحٰہ سواتی اور ابو یحییٰ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے باعث 14 مطلوب دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا، سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2 خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر رواں سال اسمگلنگ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، رواں سال غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں واضح کمی واقع ہوئی۔آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت رواں سال پاکستان نے اہم سنگِ میل عبور کئے، کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔غزہ، لبنان اور کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے پاکستان اقوام عالم میں ایک مؤثر آواز بن کر اُبھرا۔سال 2024 میں سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی اور پاکستان نے اہم ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کی۔اس کانفرنس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور تاجکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جب کہ رواں سال کئی اہم ممالک کے سربراہان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com