زندگانی میں جو وسائل تھے.
وہ کسی شخص کے فضائل تھے.
ہونٹ رخسار تل حسیں آنکھیں.
حسن کے پاس سب دلائل تھے.
تب ہمیں خامشی کا حکم ملا.
لوگ جب گفتگو پہ مائل تھے
ہم کبھی واقعہ نہ ہو پائے.
بیچ میں حادثات حائل تھے.
مسئلہ بن گیا ہوں اس کیلئے.
جس کے باعث بڑے مسائل تھے.
تو ہمیں بولنے نہ دیتا تھا.
ہم تری گفتگو کے قائل تھے.
ایک حجرے میں ساری دنیا تھی.
ایک حجرے میں سارے سائل تھے.
آدمی ہونا عیب ہے ورنہ.
آدمی میں بڑے خصائل تھے.
پھول الزام کس لیۓ لیتے.
جبکہ بوسوں سے لوگ گھائل تھے.