کروڑ لعل عیسن سیکنڈری ایجوکیشن اور ایلیمنٹری ایجوکیشن ونگ کے درمیان فٹ بال میچ : ایلیمنٹری ونگ نے میدان مار لیا
لیہ (اسامہ سعد)25 ستمبر 2024 کو گورنمنٹ ہائی سکول ریلوے روڈ کروڑ میں محترمہ ڈپٹی کمشنر لیہ اور جناب سی ای او ایجوکیشن کے ویژن کے مطابق سیکنڈری اور ایلیمنٹری ونگ تحصیل کروڑ کے مابین فٹبال میچ کھیلا گیا ۔ اس میچ میں سکینڈری ونگ سے اساتذہ اور ایلیمنٹری ونگ سے اساتذہ اور اے ای اوز نے حصہ لیا۔
عرفان شاہ صاحب پی ای ٹی گورنمنٹ ہائی سکول آصف آباد نے سیکنڈری ونگ، جبکہ محمد کامران اشرف صاحب اے ای او مرکز علی راجن نے ایلیمنٹری ونگ ٹیم کی کپتانی کی۔
اس پر لطف میچ کو دیکھنے کے لیے سی ای او ایجوکیشن لیہ جناب شوکت شیروانی صاحب ، جناب سید آغا حسن شاہ صاحب ڈی ای او ایلیمنٹری لیہ اور ڈپٹی ڈی ای او کروڑ جناب مشتاق احمد خان صاحب بھی تشریف لائے۔
دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں کامران اشرف نے وننگ گول کر کے اللہ کے فضل سے ایلیمنٹری ونگ کی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا ۔ اور ایلیمنٹری ونگ کی ٹیم نے میچ 1-2 سے جیت لیا۔
آخر میں مہمان خصوصی کی طرف سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور جیتنے والی ٹیم ایلیمنٹری ونگ کو مبارکباد دی۔