ڈاکٹر سعدیہ کمال PFUJ ورکرز کی صدر منتخب
اسلام آباد (نیوز ڈیسک )کراچی میں منعقد ہونے والے فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (FEC) کے اجلاس میں معروف صحافی اور اسکالر ڈاکٹر سعدیہ کمال کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ورکرز کی صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
یہ تاریخی انتخاب انہیں PFUJ ورکرز کی پہلی خاتون صدر بناتا ہے، جو صحافت کے میدان میں ان کی ناقابلِ فراموش خدمات اور اخلاقی صحافت کے لیے ان کی گہری وابستگی کا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کامیابی برسوں پر محیط ان کی انتھک محنت اور صحافتی برادری کے لیے بے لوث خدمات کا نتیجہ ہے۔ خواجہ غلام فرید پر پی ایچ ڈی کرنے والی ڈاکٹر سعدیہ علم و دانش، پیشہ ورانہ تجربہ اور قیادت کا حسین امتزاج رکھتی ہیں۔
انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی دو بار سینئر نائب صدر اور قائم مقام صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔
وہ اکادمی ادبیات پاکستان کی بورڈ آف گورنرز، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ایجوکیشنل میڈیا ایڈوائزر اور ممبر خواجہ فرید چئیر، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، سمر کی بورڈ آف ڈائریکٹر اور لندن کی رجسٹرڈ تنظیم انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کی کوآرڈینیٹر رکن ہیں۔
ڈاکٹر سعدیہ سرائیکی ادبی اکیڈمی کی چیئرپرسن، تھنکرز جرنلسٹس فورم کی بانی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بیدار گروپ کی بانی ہیں۔
ان کی دیگر خدمات میں انڈس کلچرل فورم اسلام آباد کی کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے کردار شامل ہے، جس سے پاکستانی ثقافت کے فروغ میں ان کی دلچسپی اور خدمات کا اندازہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال نے پاکستان کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے مختلف پریس کلبز اور ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹس میں اخلاقی صحافت اور میڈیا کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے ورکشاپس کرائیں، جن میں خاص طور پر سندھ کے پریس کلبز شامل ہیں جیسے کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، بدین، دادو، سکھر، اور ٹنڈو الہ یار کے ساتھ ساتھ پنجاب، کے پی کے، بلوچستان، سرائیکی بیلٹ کے علاقے، جی بی اور کشمیر کے صحافیوں کے ساتھ ٹرینر کے طور پہ کام کیا۔
بین الاقوامی سطح پر انہوں نے امریکہ، ترکی، بھارت، آذربائیجان، دبئی اور نیپال میں میڈیا ورکشاپس کرائیں۔ نیپال میں انہوں نے "سنگت” کے عنوان سے ایک ماہ کا لیڈرشپ کورس بھی کروایا، جس میں دس ممالک کی خواتین نے شرکت کی۔
کئی میڈیا ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ آج کل اے پی پی میں سرائیکی نیوز سروس کی انچارج کے طور پہ کام کر رہی ہیں۔ ریڈیو پاکستان کی پہلی سرائیکی نیوز کاسٹر ہونے کا اعزاز بھی ان کو حاصل ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال کا PFUJ ورکرز کی صدر منتخب ہونا صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ ان کی قیادت پاکستانی صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور صحافتی آزادی و اخلاقیات کے فروغ کے لیے نئی توانائی فراہم کرے گی۔
یہ اجلاس کراچی یونین آف جرنلسٹس (KUJ) ورکرز کی میزبانی میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے FEC کے ممبران نے بھرپور شرکت کی اور ایجنڈے کے ہر نکتے میں حصہ لیا۔ سندھ یونین آف جرنلسٹس اور کورنگی پریس کلب ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ KUJ ورکرز کی جانب سے بہترین انتظامات، مہمان نوازی، قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہت سراہا گیا