پاکستان نے آئی ایم ایف سے مزید کتنے ڈالر مانگے؟
پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مزید ایک ارب کی فنڈنگ کے لیے باضابطہ درخواست دی ہے۔ یہ فیصلہ آئی ایم ایف کے اس خصوصی میکینزم سے مستفید ہونے کے لیے کیا گیا ہے۔آر ایس ٹی کے نام سے قائم یہ میکینزم کم اور متوسط آمدنی والے ممالک اپنی معیشتوں کو بیرونی دھچکوں سے بچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ واشنگٹن میں برطانوی نیوز ایجنسی سے گفتگو میں وفاقی وزیرِخزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ہم نے بین الاقوام مالیاتی فنڈ کو باضابطہ رسمی درخواست دے دی ہے۔وفاقی وزیرِخزانہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے موسمِ خزاں کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکی دارالحکومت میں ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے گزشتہ ماہ پاکستان کے لیے خصوصی بیل آٹ پیکیج کی منظوری دی تھی۔ آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹینیبلٹی ٹرسٹ کے ذریعے مزید فنڈنگ کی بھی گنجائش ہے یعنی پاکستان چاہے تو باضابطہ درخواست دائر کرکے عالمی ادارے سے فنڈنگ مانگ سکتا ہے۔پاکستان اس وقت ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے مجوزہ پانڈا بونڈز کی ترویج کے لیے قرضے کے حصول کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے۔ پانڈا بونڈز کا ابتدائی اشو 20 سے 25 کروڑ ڈالر کا ہوگا۔