نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے بعد فل کورٹ اجلاس،اعلامیہ جاری
اسلام آباد(ٖڈسٹرکٹ رپورٹر)نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں پہلے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس اختتام کو پہنچ گیا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام دستیاب ججز نے شرکت کی جبکہ جسٹس منصور علی شاہ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے جسٹس یحیی آفریدی کی زیرصدارت پہلے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا۔سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں بتایا گیا فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ میں کیسز کی صورتحال کا احاطہ اور کیسز کو نمٹانے اور بیک لاگ کو کم کرنے پرغور کیا گیا۔اعلامیہ میں اس بات پر زوردیا گیا کہ فل کورٹ اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا، زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانا اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانا تھا، اجلاس میں اس تجویز پر بھی اتفاق ہوا کہ خصوصی بنچز دیوانی اور فوجداری مقدمات کو نمٹائیں گے۔ دوسری جانب اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جسٹس منصور علی شاہ کے کیس منیجمنٹ سسٹم کو ایک ماہ کے لیے نافذ کیا جائے گا، فل کورٹ کا آندہ اجلاس دو دسمبر کو ہوگا