دنیا

حزب اللہ کے نۓ سربراہ کون ہیں؟

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے نعیم قاسم کو نیا سربراہ منتخب کر لیا۔اس سے قبل حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ نے سینئر رہنما شیخ نعیم قاسم کو عارضی سربراہ بنایا تھا۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق شیخ نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللّٰہ کے نائب رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نعیم قاسم کو 1991ء میں حزب اللّٰہ کا نائب سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ حزب اللّٰہ کی سربراہی کے لیے نامزد رہنما ہاشم صفی الدین اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے حزب اللّٰہ کے قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہاشم صفی الدین کو 3 ہفتے پہلے بیروت پر حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، ہاشم صفی الدین حزب اللّٰہ کے سابق سربراہ حسن نصراللّٰہ کے کزن تھے۔ دوسری جانب الحدث ٹی وی کا کہنا ہے کہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کی سربراہی کے لیے نامزد رہنما ہاشم صفی الدین اسرائیلی بم باری میں نہیں بلکہ دم گھٹنے سے شہید ہوئے۔ الحدث ٹی وی کے مطابق ہاشم صفی الدین نے بیروت کے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ میں بنکر میں پناہ لی ہوئی تھی، اسرائیلی جنگی طیاروں نے یکم اکتوبر کو بنکر پر قائم عمارت پر لگاتار بم باری کی تھی۔ الحدث ٹی وی کے مطابق ہاشم صفی الدین بم باری کے 3 دن بعد آکسیجن کی شدید کمی سے دم گھٹنے سے شہید ہوئے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے لبنانی دارالحکومت بیروت میں بم باری میں حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا۔ جس کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کی جانب سے بھی بعد میں تصدیق کی گئی تھی، ساتھ میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا تھا۔ حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ شہید ہو گئے ہیں۔ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف غزہ، فلسطین کی حمایت، لبنان اور اس کے قابلِ قدر عوام کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com