2 روز میں 85 فلسطینی شہید
اسرائیلی فورسز کے غزہ میں 2روز کے دوران حملوں میں 85 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے غزہ، لبنان اور شام میں حملے کیے، غزہ کے جبالیہ کیمپ پر گزشتہ روز کیے جانے والے حملوں میں 36 فلسطینی شہید ہوئے۔ حزب اللہ کے جوابی وار جبکہ نیتن یاہو نے اپنا دفتر بالائی منزل سے تہہ خانے میں منتقل کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ 2روز سے غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اتوار کے روز 50 کے قریب فلسطینی شہید ہوئے جبکہ گزشتہ 2روز کے دوران اب تک اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 85فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان پر بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور دارالحکومت بیروت کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 23لبنانی شہری شہید ہوگئے ہیں۔
تاہم، لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل حملوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر 35 سے زائد شہری شہید ہورہے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ صہیونی فوج کے حملوں کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔ حزب اللہ کے گزشتہ حملوں کے بعد نیتن یاہو نے اپنا دفتر تہہ خانے میں منتقل کردیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ ماہ حزب اللہ کے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائشگاہ پر حملہ کیا تھا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کے حملوں کے خوف سے بیٹے کی شادی بھی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی تھی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو عدالت میں کیسز میں بھی پیش نہیں ہورہے۔
واضح رہے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ستمبر میں حزب اللہ کے ارکان کو بیچرز اور واکی ٹاکیز کے ذریعے نشانہ بنانے کی منظوری دی تھی، اس سائبر حملے میں 40 کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے تھے