پاکستان

پیپلزپارٹی اہم مسائل پر تمام جماعتوں سے بات چیت کی حامی

مرکز میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے درمیان پاکستان پیپلزپارٹی نے سیکیورٹی، ڈیجیٹل اکانومی اور زراعت سمیت اہم قومی معاملات پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سمیت تمام جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ پیر کو بلاول ہاؤس کراچی میں ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے میں رہیں تاکہ تعین کیا جاسکے کہ کن معاملات پر سیاسی اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔یہ ہدایت اشارہ کرتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ادھورے وعدوں کے حوالے سے قائم کردہ رابطہ کمیٹی کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے کلیدی اتحادی نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے سامنے اپنا مقدمہ مزید موثر انداز میں پیش کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں، کیوں کہ اجلاس میں موجود کمیٹی ارکان نے سیاسی، پالیسی اور قانون سازی کے معاملات پر وفاقی حکومت کی جانب سے ’بروقت مشاورت کے فقدان‘ کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ایک اہم رکاوٹ قرار دیا جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس کے بعد بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے پنجاب، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں جاری اور حل طلب مسائل کے ساتھ ساتھ وفاقی سطح پر درپیش سیاسی، پالیسی اور ترقیاتی مسائل کا ذکر کیا۔اجلاس میں سیلاب کی بحالی، آبی تنازعات، زرعی اور ڈیجیٹل معیشت کو درپیش چیلنجز، مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی جیسے پالیسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس ٰمیں وفاقی حکومت سے درپیش تحفظات، سیاسی، پالیسی اور قانون سازی کے معاملات پر بروقت مشاورت کے فقدان، وعدوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی قابل حل رکاوٹوں کے طور پر نشاندہی کی گئی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں دہشت گردی میں حالیہ اضافے اور نئے زمینی حقائق کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نئے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے اتفاق رائے کی عدم موجودگی کا ذکر کیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com