پی ٹی آئی احتجاج: پارٹی رہنماؤں کیخلاف مزید 10 مقدمات درج
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں 3، تھانہ کوہسار اور تھانہ شہزاد ٹاؤن میں 2،2 مقدمات درج ہوئے۔رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ تھانہ کراچی کمپنی، تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ ترنول میں بھی 2،2 مقدمات شامل ہیں، اس کے علاوہ تھانہ سہالہ، تھانہ بنی گالہ، تھانہ شمس کالونی اور تھانہ نیلور میں ایک ایک مقدمہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تھانہ نون، تھانہ کھنہ اور تھانہ آبپارہ میں بھی ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، درج مقدمات کے سلسلے میں اب تک 853 افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔تھانہ صادق آباد کی حدود سے گرفتار پی ٹی آئی کے 5 کارکن مقدمے سے ڈسچارج،دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے تھانہ صادق آباد کی حدود سے گرفتار پی ٹی آئی کے 5 کارکنوں کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتاری کے بعد اٹک جیل میں رکھا گیا تھا، ملزمان کو آج اٹک جیل سے راولپنڈی اے ٹی سی پیش کیا گیا۔
عدالت نے گرفتار 5 ملزمان کو عدم ثبوتوں کی روشنی میں مقدمے سے ڈسچارج کیا، ڈسچارج ملزمان میں ارشد قریشی، عمران، وحید خان، زبیر خان، محمد کاشف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کے لیے دی جانے والی فائنل کال کے بعد بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے احتجاجی مارچ کیا گیا تھا، تاہم 26 نومبر کو مارچ کے شرکا اور پولیس میں جھڑپ کے بعد پی ٹی آئی کارکن وفاقی دارالحکومت سے ’فرار‘ ہوگئے تھے۔
26 نومبر کی شب بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب مارچ کے شرکا کو چھوڑ کر ہری پور کے راستے مانسہرہ چلے گئے تھے، مارچ کے شرکا بھی واپس اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔