خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں ایمرجنسی نافذ کردی
پشاور (ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال پر غور کرنے کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کرم میں موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ نے ضلع کرم کے لیے ریلیف ایمرجنسی کی توثیق کی ہے۔ اس ایمرجنسی کے تحت کرم میں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو ریلیف کی ادائیگیاں پہلے ہی کی جاچکی ہیں۔ تاہم، صوبائی کابینہ نے قانونی تقاضے پورا کرنے کے لیے اس ایمرجنسی کے نفاذ کی باقاعدہ توثیق کی۔کابینہ اجلاس میں انسداد منی لانڈرنگ و مالی دہشت گردی کے اقدامات کی منظوری کے ساتھ اقلیتوں کے حقوق کے لیے نیشنل کمیشن فار مینارٹیز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، صوبائی کابینہ نے گردے اور جگر کے ٹرانسپلانٹ کے مراکز کی تعمیر، کرک میں جوان مراکز کے قیام، صوبے کی جامعات کے لیے گرانٹ کی منظوری اور ڈی آئی خان میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کے فیصلے بھی کیے۔