یکم جنوری 2025 سے کون سے اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ استعمال نہیں ہو سکے گا؟
اگر آپ 10 سال پرانا اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں تو یکم جنوری 2025 سے واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ پرانے اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دے گا، خاص طور پر وہ اسمارٹ فونز جو اینڈرائیڈ کٹ کیٹ (اینڈرائیڈ 4.4) یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق، ان فونز پر یکم جنوری 2025 سے واٹس ایپ تک رسائی ممکن نہیں ہوگی، کیونکہ میٹا اپنے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کرتا ہے جس کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹمز کی ضرورت ہوتی ہے۔ کمپنی اب جدید فیچرز پر کام کر رہی ہے، جیسے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی، جو جدید ہارڈویئر پر کام کرتی ہے۔پرانے اینڈرائیڈ فونز جن پر یکم جنوری 2025 کے بعد واٹس ایپ نہیں چلے گا، ان میں سام سنگ گلیکسی ایس 3، ایس نوٹ 2، موٹرولا موٹو جی، ایچ ٹی سی ون ایکس، ایل جی آپٹیمس جی، سونی ایکسپیریا زی اور دیگر شامل ہیں۔اگر آپ ان فونز میں سے کسی کا استعمال کر رہے ہیں، تو آپ کو اپنا واٹس ایپ ڈیٹا کسی نئی ڈیوائس پر منتقل کرنا ہوگا ورنہ یکم جنوری کے بعد آپ کا تمام میڈیا اور چیٹ ہسٹری ڈیلیٹ ہو جائے گا۔