پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے ہیں تو خوارج سے بھی کریں
راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے جائیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہمیں بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) اور خوارج سے بھی بات چیت کرنی چاہیے۔ایک میڈیا سے گفتگو میں حنیف عباسی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینا ایک سوچا سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کو شام اور عراق کے ماڈل کی طرف دھکیلنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جتھوں کی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا نتیجہ پورے ملک میں بدامنی اور انارکی کی صورت میں نکلے گا۔حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان میں جتھوں کی حکومت کا قیام کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، اگر ایسا ہوا تو نہ صرف عوام کی زندگی بلکہ ملک کے ادارے، کارخانے اور دیگر اہم شعبے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام عوام کی امانت ہیں، جس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔