پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا کردار بے نقاب
تھلوچی :واشنگٹن پوسٹ نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا پردہ فاش کر دیا”عالمی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ کو بے نقاب کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ نے اجرتی قاتلوں اور افغان ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کم از کم 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل 2024 میں لاہور میں نقاب پوشوں نے ’’عامر سرفراز‘‘ کو گولیوں کا نشانہ بنایا، جو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی قتل مہم کا حصہ تھا۔ اسی طرح، بھارت نے 2021 کے بعد پاکستان میں متعدد افراد کو قتل کرنے کے لیے ایک خفیہ مہم شروع کی، جس میں کئی پاکستانی شہریوں کو ہلاک کیا گیا۔پاکستان کے وزیر داخلہ نے بھی بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے 2014 میں کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ کرنا غیر حقیقی ہے، مگر خفیہ ذرائع سے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت کی ’’را‘‘ ایجنسی نے امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں بھی ماروائے عدالت قتل کیے، جن میں سکھ رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ شامل ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر وکاش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت کی تھی۔سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی دہشت گردی، جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہیے، کیونکہ بھارتی مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔