پی ٹی آئی سے مذاکرات میں پیشرفت، حکومتی وفد کی صدر سے اہم ملاقات
اسلام آباد:حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اقتصادی امور ایاز صادق اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی ملاقات ہوئی۔
اس حوالے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ وفد کی صدر مملکت کے ساتھ اہم ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومت نے اپنا موقف عارف علوی کے سامنے پیش کیا۔
الیکشن کی بات ہو گی تو مذاکرات کی ٹیبل پربیٹھیں گے، پرویز خٹک
خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا تھا کہ الیکشن کی بات ہو گی تو مذاکرات کی ٹیبل پربیٹھیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ فی الحال کسی سطح پر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے، تحریک انصاف ہر وقت الیکشن کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز الہی سے ملاقات ہوئی ہے وہ وعدہ پورا کریں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی ہمارے ساتھ ہیں، اسمبلی توڑ دیں گے، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کے میں ارکان کی ناراضگی کی خبریں جھوٹی افوا ہے، پنجاب میں بھی تمام ارکان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔