کپور خاندان کی پسندیدہ ڈش کیا ہے؟ کرینہ کپور نے بتا دیا
ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے اپنے خاندان کی پسندیدہ ڈش کا نام بتا دیا۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ان کا خاندان کھانے پینے کا بہت شوقین ہے اور جب سارے اکھٹے ہوتے ہیں تو صرف کھانے اور اداکاری پر ہی سب سے زیادہ بات ہوتی ہے۔
کرینہ کپور سے انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ ان کے لیے کیا چیز زیادہ اہم ہے کھانا یا اداکاری؟
جواب میں کرینہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل سوال ہے کیونکہ ہمارا خاندان ان دونوں چیزوں سے پیار کرتا ہے اور کھانے کے بارے میں کافی بات کی جاتی ہے۔
کرینہ سے سوال کیا گیا کہ آپ کے خاندان میں سب سے زیادہ شوق سے کونسی ڈش کھاائی جاتی ہے جس پر اداکارہ نے بتایا کہ جب ہم سب ملتے ہیں تو سب سے زیادہ شوق سے پائے کھاتے ہیں یہ ایک سالن ہے جو بےحد ذائقے دار ہوتا ہے۔
کرینہ آئے دن اپنے سسرال پٹودی خاندان اور اپنے میکے کپور خاندان کی دعوتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی ہیں۔
ان دعوتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ جب ہم سب اکھٹے ہوتے ہیں تو ہماری آوازیں اتنی اونچی ہوجاتی ہیں کہ اگر کوئی سُنے تو سمجھے گا کہ لڑائی ہورہی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب ہم سب ایک جگہ جمع ہوتے ہیں تو کسی اطالوی فیملی کی طرح لگتے ہیں، ہنسی مزاق ہوتا ہے سب شور مچا رہے ہوتے ہیں کسی اور کو کچھ سمجھ نہیں آتی لیکن ہمیں مزہ آ رہا ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ کرینہ کپور سوشل میڈیا پر ورک آؤٹ ویڈیوز پوسٹ کرتی رہتی ہیں مگر آئے دن وہ اپنے’چیٹ ڈے‘ پر بریانی، حلوہ اور کھیر اور پائے جیسے کھانے سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی پوسٹ کرتی ہیں۔