نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج متوقع ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئین کے مطابق نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے 8 دن کا وقت ہے تاہم نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی کی تعیناتی پر اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملاقات کروں گا اورحتمی فیصلے کےلیے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض سے بھی ملوں گا۔ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر آئین میں واضح طریقہ کار ہے جس پر عمل کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایک نام پر اتفاق رائے پیدا نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھیج دیا جائے گا جس کو آئین کے مطابق تین دن کے اندر فیصلہ کرنا ہو گا۔ پارلیمانی کمیٹی کی سطح پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جسے دو دن میں حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔
وزیراعظم نے اپنی حکومت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ بطور وزیراعظم دور حکومت کے 16 ماہ 38 سالہ سیاسی کیریئر میں سب سے مشکل وقت تھا تاہم تمام شراکت داروں کےساتھ مل کر چیلینجز پر قابو پایا۔