افغان حکومت سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات روکے، شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت سے مطالبات کیا ہے کہ سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات روکے جائیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے گزشتہ روز چمن بارڈر پر افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے کئی پاکستانیوں کی شہادت اور ایک درجن سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رہنما نہ ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے بلوچستان کے شہر چمن میں5 شہری شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے شہری آبادی پر توپ خانےاور مارٹر سمیت بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی۔
واقعے میں افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 17 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ پاکستانی سرحدی دستوں نے جارحیت کا بھرپور جواب دیا لیکن علاقے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔