امریکی جنگ میں شامل ہونے سے نقصان زیادہ، معاوضہ معمولی ملا:عمران خان
لاہور: (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ امریکی جنگ میں شامل ہونے سے نقصان زیادہ، معاوضہ معمولی ملا، اگر نیوٹرل رہتے تو حالات بہت بہتر ہوتے، امریکی جنگ کے اثرات اب تک پاکستان میں موجود ہیں۔
عمران خان کا سیمینار سے خطاب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، اس سے بروقت نہ نمٹا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، اگر یہ جنگ چل پڑی تو سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کا ہوگا، ہمیں عقل سے چلنا پڑے گا، وفاقی گورنمنٹ کو بیٹھ کر اس معاملے پر مسلسل میٹنگ کرنی چاہئیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری جب ملک کے سربراہ تھے تو 400 ڈرون اٹیک کیے گئے، ہمارے کرائم منسٹر ساری دنیا کو خوش آمد کرتے پھرتے ہیں، پاکستان کا وزیر خارجہ ساری دنیا کے چکر لگا رہا ہے، اس کو افغانستان جانا چاہیے تھا، اگر دہشتگردی کی جنگ شروع ہوگئی تو یہ رکے گی نہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزرا غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ہم نے ٹی ٹی پی سے بات کی، یہ لوگوں کو گمراہ نہ کریں، خیبر پختونخوا کے لوگوں نے دہشتگردی سے بہت نقصان اٹھایا، بارڈرز کا کنٹرول وفاقی حکومت کے پاس ہے، انہوں نے بڑھتی دہشتگردی پر توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے برا بھلا کہا گیا ،طالبان خان کہا گیا، پاکستان کا سب سے زیادہ نقصان خود کش حملوں نے کیا، قبائلی علاقے کے لوگوں نے جہاد میں شرکت کی، قائداعظم نے 1948میں پاکستانی فوج قبائلی علاقے سے واپس بلوالی تھی، میں کہتا تھا ہمیں امریکا کی جنگ میں نیوٹرل رہنا چاہیے، ہم نے امریکا کی جنگ میں 20سال تک شرکت کی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں زراعت میں کسانوں کے اچھے حالات تھے، انہوں نے معیشت پر توجہ نہیں دی، ساری دنیا میں بھیک مانگتے پھر رہے ہیں، ہمیں بیرونی سازش کے ذریعے گرایا گیا، جب آپ گندا پانی کھڑا رہنے کی اجازت دیتے ہیں تو اس میں مچھر آجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے آئی ٹی ممبران پر میرے خلاف قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے نتائج سے خود کو دور کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، یہ میرے اس یقین کی مزید تصدیق کرتا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کے پیچھے طاقتور حلقوں کا ہاتھ تھا۔
بولو نیوز اردو