گزشتہ سندھ حکومت کے طاقتور وزراء سمیت 4 درجن اہم افراد ’’اسٹاپ لسٹ‘‘ میں شامل
کراچی: مستقبل کا منظر نامہ کیا ہو گا،کیا سندھ حکومت کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا یا پھر یہ کوئی وقتی معاملات طے کرنے کا شاخسانہ ہے .
اس بارے میں فیصلہ کرنے والے کوئی واضح رائے دینے سے گریزاں ہیں لیکن جنگ کو حاصل ہونے والی اس خبر کی تصدیق کرتے ہیں کہ گزشتہ سندھ حکومت میں شامل کئی طاقتور صوبائی وزراء سمیت 4 درجن کے قریب سیاسی شخصیات اور اہم عہدوں پر کام کرنےوالے بیوروکریٹس کے نام امیگریشن ،اسٹاپ لسٹ ، میں شامل کر لئے گئے ہیں.
ذرائع کے مطابق 10اگست کو ایف آئی اے کو یہ لسٹ فراہم کی گئی ہے جس کے تحت2 روز قبل ایک سینئر بیوروکریٹ کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق اسٹاپ لسٹ کی اطلاع ملنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور کچھ اہم صوبائی وزراء پریشان ہیں
لسٹ میں شامل ایک افسر کا اس سلسلے میں موقف ہے کہ یہ وقتی معاملہ تھا اب معاملات طے ہو چکے ہیں اس لئے یہ غیر اعلانیہ واچ لسٹ بھی بے معنی ہو گئی ہے
اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن بشیر سومرو سے رابطہ کیاگیا تو اس کا کہنا تھا کہ میرے علم میں ایسا کچھ نہیں،مزیدمیں کمنٹس نہیں کر سکتا۔