اسلام آباد کے سکولوں میں ای روزگار کی سہولت
انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید مہارتیں سیکھنے اور آن لائن کاروبار کرنے کا خواب رکھنے والے نوجوان طلبہ کے لیے اسلام آباد کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق ان ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ باہر سے آنے والے نوجوان بچے اور بچیاں بھی رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔
اسلام آباد کے پانچ سرکاری سکولوں میں قائم کیے گئے ای روزگار سینٹرز اور ٹیکنالوجی پارکس میں مفت انٹرنیٹ سروسز، جدید کمپیوٹرز اور فری لانسنگ کی دیگر تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔وزارت تعلیم کے سیکرٹری محی الدین وانی کے مطابق سرکاری سکولوں و کالجوں میں موجود بڑے ہالز کو ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑے کورسز کروانا اور پھر اُنہیں وہیں پر آن لائن کاروبار کرنے کے لیے ایک جدید اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کے خیال میں سرکاری سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ طلبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
اس اقدام سے طلبہ کو روایتی نصابی سرگرمیوں سے ہٹ کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وسیع شعبے میں قدم جمانے کا موقع ملے گا۔
اس بارے میں سکریٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں بورڈ کے سلیبس کے ساتھ ساتھ بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کروایا جا رہا ہے۔‘
اُن کا کہنا ہے کہ ’وزارت تعلیم کا منصوبہ ہے کہ سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے یا باہر سے آنے والے دوسرے بچوں کو ان ٹیکنالوجی پارکس میں فری لانسنگ اور انٹرپرینورشپ کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کی جائے اور پھر وہیں بچے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن روزگار کا حصول بھی ممکن بنائیں۔‘
سیکرٹری وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کو مفت انٹرنیٹ سروسز اور جدید کمپیوٹرز دیے گئے ہیں جنہیں وہ سیکھنے اور ای روزگار کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔