جے یو آئی کا مسودہ سامنے آگیا
اسلام آباد(آئی پی ایس)جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عدالتی اصلاحات سے متعلق تئیس نکات پر مشتمل مسودہ تیار کرلیا، تجویز دی ہے کہ آئینی عدالت کے بجائے سپریم کورٹ کا بینچ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق جے یوآئی کا عدالتی اصلاحات سے متعلق 23نکات پرمشتمل مسودہ تیار ہوچکا ہے جس میں آئینی عدالت کے بجائے سپریم کورٹ کا بینچ بنانے کی تجویز شامل ہے۔
اس میں تجویز شامل ہے کہ پٹیشنز چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5سینئرججزسنیں۔ جے یو آئی جلد آئینی ترمیم کا مسودہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سے شئیر کرے گی
جے یو آئی نے تجویز دی کہ سپریم کورٹ اورہائیکورٹس کے موجودہ اختیارات برقرار رکھے جائیں، ججز کی عمر 65 سال برقرار رہے گی، آرٹیکل 8، آرٹیکل199میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آرٹیکل 63اے میں کوئی ترمیم تجویز نہیں کی جائے گی، ججزکی تعیناتی سے متعلق 18ویں ترمیم کا طریقہ کار بحال کیاجائے، قانون سازی میں اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو اہمیت دی جائے