عمران خان کی بہنوں کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ
انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف ڈی چوک پر احتجاج کرنے کے کیس کی سماعت کے دوران ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
وکیل نیاز اللّٰہ نیازی کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے رہنما اور کارکنان کے خلاف سیاسی نوعیت کے کیسز ہیں۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ میرے پاس جو ثبوت آئیں گے ان کے مطابق فیصلہ کروں گا، سیاسی انتقامی کارروائی کی دونوں اطراف سے مذمت کرنی چاہیے، میں سیاسی انتقامی کارروائی کے خلاف ہوں، ملک کے لیے ساتھ بیٹھ کر چلیں، ملک کے بارے میں سوچیں، یقین دلاتا ہوں میری عدالت میں صرف میرٹ پر انصاف ہو گا۔
وکیل علی بخاری نے کہا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان سے وکلاء 10 منٹ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ 10 کیا 15 منٹ ملاقات کریں، عدالت کے باہر بھی ملاقات کریں۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔