شراب نوشی کی وجہ سے شادی ٹوٹی : جاوید اختر
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف شاعر اور رائٹر جاوید اختر نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہونے کی وجہ شراب نوشی کی عادت تھی۔
جاوید اختر نے ہنی ایرانی کے ساتھ اپنی پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ بتاکر پچھلے تمام دعوؤں میں خود کو قصوروار ٹھہرانے کا الزام سچ ثابت کردیا۔ انھوں نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کی ذمےد اری قبول کرتے ہوئے شادی کے ٹوٹنے کا الزام اپنے سر لیتے ہوئے خود کو قصوروار ٹھہرایا تھا۔
قبل ازیں ایک انٹرویو میں جاوید اختر نے کہا کہ اس شادی کی ناکامی میں تقریباً قصور میرا ہے۔ جتنی سمجھ بوجھ مجھے آج ہے اگر اس وقت اتنی سمجھ ہوتی تو معاملات اتنے کراب نہ ہوتے۔ اگرچہ اس وقت انھوں نے اپنا قصور واضح نہیں کیا تھا تاہم حالیہ انٹرویو میں ہنی ایرانی کے ساتھ علیحدگی کی وجہ بتائی ہے۔انھوں نے شادی کی ناکامی کی وجہ اپنی شراب نوشی کی عادت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شراب نوشی کی لت کے غیر ذمے دارانہ رویے کی وجہ سے میری شادی ناکامی سے دوچار ہوئی
جاوید اختر اپنی کہانیوں کے باعث بالی وڈ انڈسٹری کے نامور رائٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں تاہم ان کی نجی زندگی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے اپنی زندگی کے دس سال کا قیمتی وقت شراب پینے میں برباد کیا، جسے میں کسی مثبت اور تعمیری مقصد کے لیے استعمال کرسکتا تھا
جاوید اختر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر آپ شراب پیتے ہیں تو اسے چھوڑ دیں، کیونکہ میری زندگی میں جتنی بڑی غلطیاں ہوئیں، وہ زیادہ تر شراب پینے کے دوران ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کا افسوس ہے۔ اسے بچایا جاسکتا تھا لیکن میرا غیر ذمے دارانہ رویہ اور میری شراب نوشی نے مجھے برباد کردیا، کیونکہ جب آپ نشے میں ہوتے ہیں تو آپ جذباتی فیصلے لیتے ہیں، اور ایسے مسائل پر لڑائی جھگڑا شروع کردیتے ہیں جو دراصل بڑے مسائل نہیں ہوتے۔ یہ سب غلطیاں مجھ سے ہوئیں‘‘۔
یاد رہے کہ جاوید اختر کی پہلی شادی ہنی ایرانی سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے فرحان اختر اور زویا اختر ہیں۔ بعدازاں ہنی ایرانی سے علیحدگی کے بعد جاوید اختر نے 9 دسمبر 1984 کو شبانہ اعظمی سے شادی کرلی تھی۔