کراچی دھماکہ میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے
کراچی: ائرپورٹ کے قریب دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ حملہ دہشت گردوں نے غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے کیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں کراچی ائرپورٹ سگنل کے قریب خودکش بم دھماکے سے متعلق ابتدائی اطلاعی رپورٹ سی ٹی ڈی کی جانب سے پیش کردی گئی، جس میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے کو پاکستان اور چائنا کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے۔ دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کے قافلے کی گاڑیوں کے قریب لاکر دھماکا کیا۔
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ خودکش دھماکا ایگزٹ سگنل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا۔ پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے۔ دھماکے میں 2 چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
دھماکے میں وقار، الیاس، نعیم، رانو خان، عظیم، طارق، علی، حمزہ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ خودکش دھماکے کی ذمے داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی۔
دہشت گردی کی کارروائی میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔