منی بجٹ کا امکان
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں درپیش 90 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کے باعث مزید ٹیکس اقدامات کا امکان ہے اور اس متوقع منی بجٹ کے تحت 130 ارب روپے کے ہنگامی ٹیکس اقدامات کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے اور اگر اضافی ریونیو حاصل نہیں ہوپاتا تو اس صورت میں رواں مالی سال منی بجٹ آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مشروبات یا شوگر ڈرنکس پر 5 فیصد ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے جس سے حکومت کو ماہانہ دو اعشاریہ تین ارب روپے اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ، مشینری کی درآمد پر ایک فیصد ایڈوانس ٹیکس سے ماہانہ دو ارب روپے حاصل ہوں گے جبکہ صنعتی خام مال کی درآمد پر ایک فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس سے ماہانہ ساڑھے تین ارب، کمرشل امپورٹرز پر ایک فیصد ٹیکس سے ماہانہ ایک ارب حاصل ہونے کا امکان ہے۔