پاکستان

گوادر ائیر پورٹ کا ورچوئل افتتاح

اسلام آباد (آئی پی ایس ) وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب لی چیانگ کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبہ میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے جبکہ گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نورخان ایئربیس پر پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا بھرپور استقبال کیا، گل دستے پیش کیے گئے، توپوں کی سلامی دی گئی۔بعد ازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِ اعظم ہاس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، مسلح افواج کے دستوں نے مہمان کو گارڈ آف آنر دیا سلامی پیش کی۔ شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ ،جو کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے ،اسے وقت کے ساتھ مزید تقویت مل رہی ہے۔دونوں رہنماوں نے بنیادی نوعیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک فیز 2کی اعلی معیار پر ترقی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی سود مند اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنعت، زراعت کی جدیدیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت، تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنماں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔
دونوں فریقین نے اعلی سطح کے روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس میں دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو مضبوط کرنا شامل ہے۔ملاقات میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھیں گے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سی پیک ورکنگ گروپ، اسمارٹ کلاسز روم، گوادر پر ساتویں جوائنٹ ورکنگ گروپ، انسانی وسائل کی ترقی، اطلاعات اور مواصلات، آبی وسائل، غذائی تحفظ کے شعبہ، مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام، ٹیلی ویژن پروگرامز کی مشترکہ پروڈکشن، کرنسی کے تبادلے اور سلامتی کے شعبے میں ایم او یوز سائن کیے گئے اور وزرا و سیکریٹریزی نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل کیلئے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ مضبوط دوستی کا بھی عکاس ہے۔چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے، پاک ، چین شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے، مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اور چین کے درمیان مختلف ایم اویوز پر دستخط ہوئے، چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں، دونوں ممالک نے صنعت،زراعت ، تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا، پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو سپورٹ کرنے پر چین کے مشکور ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے، گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل پاک چین دوستی کی نئی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کا مظہر ہے، ایئرپورٹ سی پیک کے گلدستے میں ایک اور پھول کا اضافہ ہے، منصوبے کی تکمیل کیلئے دونوں ممالک کے انجینئرز اور ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔خیال رہے کہ چینی وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور دورہ پاکستان پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلی حکام نے چینی وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا۔چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

For copy this text contact us :thalochinews@gmail.com