ڈی سی لیہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کردیا
لیہ(رانا عبدالوہاب سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بہترین کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا۔ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلع لیہ نے وزیر اعلیٰ کی پرفارمینس انڈیکیٹرز میں صوبہ بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ایک پیغام میں اس کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ متعلقہ محکمے اسی جوش و جذبہ سے عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے لیہ کو مثالی ضلع بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اس کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے حوصلہ افزائی کے بعد ضلعی انتظامیہ ایک نئے عزم سے عوام کی خدمت پر کمر بستہ ہوگی اور صفائی ستھرائی، سیوریج کے مسائل کے حل، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹس، پارکوں کی بحالی، مین ہولز کے کورز لگانے اور خصوصاً سگ گزیدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے منظم طریقہ سے مہم چلائی جائے گی۔