مویشی پال حضرات کےلیے خصوصی پیکج
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع لیہ میں بھی مویشی پال حضرات کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مستحق غریب اور بیوہ خواتین میں گائے بھینس کی مفت تقسیم شامل ہیں۔ یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ نے ایک ملاقات میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ لائیو سٹاک کارڈ کے تحت مویشی پال حضرات کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے لائیو سٹاک کارڈ ان فارمر کو ایشو کیا جائے گا جو پانچ سے 10 کٹے یا بچھڑے فربہ کرنا چاہیں گے اس کارڈ میں خوراک کی مد میں کسان بھائیوں کو 27 ہزار روپے فی کٹا یا بچھڑا قرضہ دیا جائے گا اور یہ قرضہ بلا سود ہوگا۔ کم از کم پانچ کٹے اور زیادہ سے زیادہ 10 کٹے کے لیے یہ قرضہ دیا جائے گا اور یہ سہولت حاصل کرنے کے بعد کسان ان کٹوں یا بچھڑوں کو فربہ کر کے فروخت کر سکے گا اور پانچویں مہینے یہ قرضہ واپس بینک اف پنجاب میں جمع کروانا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ جس خواہشمند کسان بھائی کا یہ کارڈ بن جائے گا وہ اس سے مستفید ہوتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے حصول کے لئے 8070 PLC سپیس اپنا شناختی کارڈ اپنے ہی نام کی رجسٹرڈ سم سے ایس ایم ایس کریں جس سے اس کی ایپلیکیشن اپلوڈ ہو جائے گی اور ادارہ ویریفکیشن کر کے معیار پر پورا اترنے والے افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس یا لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے اطلاع دے دی جائے گی ۔ دوسری سکیم میں ایسی غریب بیوہ خواتین جن کی عمر 55 سال سے کم ہو ان کو گائے بھینس مفت تقسیم کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک ضلع لیہ کے ہر ادارہ میں فرنٹ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں جہاں سے درخواست آن لائن اپلوڈ کروائی جا سکتی ہیں