ڈی سی لیہ کی کمشنر ڈی جی خان کو ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ39 ترقیاتی منصوبوں پر کام، 16843 ملین روپے کی لاگت سے نئی سکیموں کا آغاز

لیہ (نامہ نگار): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع لیہ میں گڈ گورننس کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس وقت ضلع میں عوامی فلاح و بہبود کی 39 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں 26 سکیمیں جاری اور 13 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ ان سکیموں پر مجموعی طور پر 16843 ملین روپے سے زائد لاگت آئے گی۔یہ بات ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کمشنر ڈی جی خان ڈویژن چوہدری اشفاق احمد کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں 41 صحت مراکز اور 5 کلینک آن وہیلز کے ذریعے صحت کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ 1376 سکولوں، 19 کالجوں اور 2 یونیورسٹیوں سے تعلیم کی سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ گرین بیلٹس، پارکوں اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ نشیبی علاقوں میں دریائی کٹاؤ کو روکنے کے لیے موضع راکھواں میں سٹڈ بند لگائے گئے ہیں جبکہ مونگڑھ کے علاقے کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ کے بنیادی کارکردگی اشاریوں (KPIs) میں ضلع لیہ گزشتہ 35 ہفتوں میں ڈویژن بھر میں 21 مرتبہ پہلی پوزیشن پر رہا، اور مارچ سے اکتوبر تک پنجاب بھر میں چوتھی رینکنگ حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ چوک اعظم فتح پور ایم ایم روڈ کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جو علاقے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔



