لیہ: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس
لیہ کے ڈی سی کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنوینر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اور ایم پی اے سردار علی اصغر خان گرمانی نے صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، سابق اراکین اسمبلی ملک احمد علی اولکھ، سید ثقلین شاہ بخاری، صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، ملک عبدالشکور سواگ، لالہ طاہر رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کامران جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ عاشق حسین، ملک عثمان اولکھ، شوگر ملز کے حکام اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سردار علی اصغر خان گرمانی اور سابق اراکین اسمبلی نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے جاری کیے ہوئے ہے، جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر پروگرام، ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی، ماڈل ایگری مالز اور سپر سیڈرز کی فراہمی شامل ہیں۔ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبے بھر میں ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 5 ارب روپے کی لاگت سے کسانوں کو 5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کر رہے ہیں۔ گندم کے کاشتکاروں کے لیے ایک تاریخی انعامی پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات دیے جائیں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کھاد، بیج، اور زرعی ادویات بلاسود قرضوں پر دستیاب ہیں، جس کے تحت اب تک 16 ارب روپے کی خریداری کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں ضلع کی تعمیر و ترقی، سڑکوں کی مرمت، اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم ضلع کو بہتر بنانے کے لیے چوکس ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی کا عمل جاری ہے اور شہریوں کو اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مؤثر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر ضلع لیہ کو ایک مثالی ضلع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان بہترین ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔